27 جنوری 2026 - 16:37
خلیج فارس کا پائیدار امن صرف علاقائی تعاون سے ممکن ہے، اسماعیل بقائی

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ خلیج فارس میں دیرپا سلامتی اور استحکام کے لیے ساحلی ممالک کے درمیان مکالمہ، اعتماد سازی اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، تہران میں منعقدہ خلیجِ فارس اوشیانوگرافی سے متعلق چھٹی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے خلیجِ فارس کی جغرافیائی، تاریخی اور تہذیبی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ خلیج فارس محض ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ ایران اور خطے کی اقوام کی تاریخی، ثقافتی اور تمدنی شناخت کا لازمی حصہ ہے۔ تاریخی شواہد، تحریری دستاویزات اور قدیم و جدید نقشے اس حقیقت کی گواہی دیتے ہیں کہ خلیج فارس ہمیشہ سے اقتصادی، ثقافتی اور انسانی روابط کا مرکز رہا ہے، جس نے ساحلی ممالک کے درمیان گہرے اور دیرپا تعلقات قائم کیے۔

انہوں نے خلیج فارس کو قومی شناخت کی علامتوں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ جیسے بعض قدرتی نشانیاں اقوام کی شناخت تشکیل دیتی ہیں، ویسے ہی خلیج فارس ایک مستقل تہذیبی حقیقت ہے جو ایران کی تاریخ اور ثقافت میں منفرد مقام رکھتی ہے اور جس سے ملک کے تمام نسلی گروہ وابستہ ہیں۔

ترجمان وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ خلیج فارس میں پائیدار امن و سلامتی صرف ساحلی ممالک کے درمیان تعاون، اعتماد سازی اور مکالمے کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔ مقامی توانائیوں پر انحصار کشیدگی اور تباہ کن رقابتوں کا متبادل بن سکتا ہے۔

بقائی نے مزید کہا کہ باہمی احترام، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور مشترکہ مفادات پر توجہ دے کر اس اسٹریٹجک خطے میں اقتصادی، تجارتی اور سماجی ترقی کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے سمندری ماحول کے تحفظ کو علاقائی منصوبہ بندی کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس کے ماحولیاتی نظام اور ثقافتی ورثے کا تحفظ اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ ہونا چاہیے تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس کے فوائد سے مستفید ہوسکیں۔

انہوں نے خطے میں جاری جغرافیائی و سیاسی حالات اور غیر علاقائی قوتوں کی موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ایران کا پختہ مؤقف ہے کہ خلیج فارس میں ترقی، سلامتی اور استحکام براہ راست علاقائی ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کے بغیر ممکن نہیں، اور اسی مقصد کے لیے علاقائی سفارت کاری کو مضبوط بنانا سب سے مؤثر راستہ ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha